روسی صدر ولادیمیر پوتن نے سکیورٹی کے لیے اپنا ہمشکل استعمال کرنے کی افواہوں کی تردید کر دی


ولادیمیر پوتن

روسی صدر ولادیمیر پوتن گذشتہ 20 سال سے بحیثیت صدر یا وزیراعظم اقتدار میں رہے ہیں

روسی صدر ولادیمیر پوتن نے اعتراف کیا ہے کہ انھیں سکیورٹی مقاصد کے لیے ہمشکل استعمال کرنے کا کہا گیا تھا لیکن انھوں نے اس خیال کو مسترد کردیا تھا۔

انھوں نے کہا کہ یہ منصوبہ 2000 کی دہائی کے اوائل میں اس وقت پیش کیا گیا تھا جب روس چیچنیا میں علیحدگی پسندوں کے خلاف جنگ لڑ رہا تھا۔ 67 سالہ سابق کے جی بی ایجنٹ، صدر پوتن نے اس تنازعے کے دوران اس خطے کے متعدد دورے کیے تھے۔

برسوں سے وہ انٹرنیٹ پر مختلف سازشی نظریات کا موضوع رہے ہیں جن میں یہ بھی شامل ہے کہ وہ وہ سکیورٹی کے لیے اپنا ہمشکل استعمال کرتے ہیں۔

لیکن صدر پوتن کا جو سنہ 2000 سے اقتدار میں ہیں، کہنا ہے کہ انھیں جب بھی ہمشکل استعمال کرنے کا کہا گیا تو انھوں نے انکار کیا۔

یہ بھی پڑھیے

ولادیمیر پوتن: 20 سال 20 تصویریں

پوتن کا ’بیٹیوں‘ سے متعلق سوالات کے جواب سے گریز

وہ شخص جس نے پوتن کی صدر بننے میں مدد کی

پوتن

روسی صدر نے یہ بات روس کی تاس نیوز ایجنسی کے صحافی آندرے وانڈینکو کو انٹرویو دیتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں کہی۔

صحافی وانڈینکو نے کہا کہ انٹرنیٹ پر روسی صدر کے نام سے سب سے زیادہ تلاش ‘پوتن کا ہمشکل’ اور ‘پوتن کے ہمشکل کے شواہد’ شامل ہیں۔

صحافی نے انٹرویو کے دوران صدر پوتن سے سوال کیا کہ ’کیا آپ اصلی ہیں؟‘

جس کے جواب میں روسی صدر نے تصدیق کی کہ وہ اصلی ہیں اور انھوں نے سکیورٹی وجوہات کے پیش نظر ہمشکل استعمال کرنے کی تردید کی۔

انھوں نے کہا کہ یہ خیال 1999-2009 کے دوران ‘دہشت گردی سے لڑنے کے سب سے مشکل مرحلے پر’ پیش کیا گیا تھا۔

صدر پوتن سنہ 2024 میں اپنے چوتھے دور اقتدار کے بعد صدر کے عہدے سے سبکدوش ہونے والے ہیں۔ تاہم ان کے بارے میں یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ وہ ملکی اقتدار میں اپنے لیے ایک نیا کردار ڈھونڈ سکتے ہیں یا پردے کے پیچھے سے اقتدار پر فائز رہ سکتے ہیں۔

وہ پہلے ہی جوزف سٹالن کے بعد سب سے طویل عرصہ حکومت کرنے والے روسی رہنما ہیں۔ سٹالن نے پچھلی گذشتہ میں دو دہائیوں سے زیادہ عرصے تک سوویت یونین پر حکومت کی تھی۔

جنوری میں روسی صدر نے اپنے سالانہ ریاستی خطاب میں قانون سازوں کو آئینی تبدیلیاں کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔

ان تبدیلیوں کے مکمل نتائج ابھی تک واضح نہیں ہیں، لیکن تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ صدر پوتن یہ یقینی بنائیں گے کہ وہ کسی نہ کسی شکل میں اقتدار میں رہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32732 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp