ہندو خاتون کا ایک ٹیلی کام کمپنی کے مسلم ملازم کی خدمات حاصل کرنے سے انکار


ائرٹیل

ٹوئٹر پر صارفین ٹیلی کام کمپنی ائرٹیل کو بھی تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں

انڈیا میں ایک ہندو خاتون نے ملک کی ایک بڑی ٹیلی کام کمپنی کے مسلمان ملازم کی خدمات استعمال کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

اس کے بعد جب کمپنی کے ایک ہندو ملازم نے شکایت کے ازالے کی ذمہ داری سنبھالی تو سوشل میڈیا پر طوفان آ گیا۔ ٹوئٹر پر صارفین پوجا سنگھ اور ٹیلی کام کمپنی ائرٹیل دونوں کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

پوجا سنگھ نے اپنے ٹوئٹرہینڈل پر لکھا ہے کہ ‘ڈیر شعیب، آپ مسلمان ہیں اور مجھے آپ کے کام کرنے کے طریقے پر بھروسہ نہیں ہے۔۔۔ اس لیے میری شکایت کے ازالے کے لیے آپ کسی ہندو ملازم کو بھیجیں۔’

اس کے بعد ائرٹیل کی جانب سے ایک ہندو ملازم نے پوجا سنگھ سے ٹوئٹر پر ہی رابطہ کیا اور کہا کہ وہ ان کا مسئلہ حل کرنے کی کوشش کریں گے۔

چند ماہ قبل بھی ایک ہندو صارف نے ایک مسلمان ڈرائیور کی ٹیکسی میں سفر کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

پوجا سنگھ کی ٹویٹ اور ائرٹیل کے رویے پر ملک کی کئی سرکردہ شخصیات نے رد عمل ظاہر کیا ہے۔

کشمیر کے سابق وزیر اعلی عمر عبد اللہ نے کہا کہ وہ ائرٹیل کو ‘اب ایک بھی پیسہ نہیں دیں گے۔۔۔ اور کسی دوسری کمپنی کی خدمات حاصل کریں گے۔’

مصنف اور کالم نگار چیتن بھگت نے طنزیہ کہا کہ ‘ڈیر سک (بیمار) میڈم، یہ ائرٹیل کی کسٹمر سروس ہے، ہندو کے لیے ایک دبائیے، شمالی ہندوستانی کے لیے دو دبائیے۔۔۔ مبارک ہو، آپ ملک کو تقسیم کرنے اور ہماری سیاست کو انھیں باتوں میں الجھائے رکھنے میں کامیاب ہوگئی ہیں۔۔۔!’

اس تنقید کے بعد ائرٹیل نے ایک بیان جاری کرکےکہا کہ ‘ڈیر پوجا، ائرٹیل مذہب یا ذات کی بنیاد پر بالکل تفریق نہیں کرتا۔۔۔ اور ہم آپ سے بھی درخواست کریں گے کہ آپ بھی نہ کریں۔۔۔’

کمپنی اس الزام کو مسترد کرتی ہے کہ اس نے صارف کا نامناسب مطالبہ تسلیم کیا تھا۔ اس کا کہنا ہے ‘اگر کوئی مسئلہ حل نہ ہوا ہو اور صارف ہم سے دوبارہ رابطہ کرے تو کسٹمر کیئر ٹیم کا جو بھی رکن دستیاب ہوتا ہے وہ جواب دیتا ہے۔۔۔ہم سب سے درخواست کریں گے کے وہ اسے مذہبی رنگ نہ دیں۔’

ائرٹیل کے بیان پر اداکارہ سورا بھاسکر نے کہا کہ ‘پانچ گھنٹے بعد ائرٹیل کی جانب سے تعصب کو چھپانے کے لیے یہ افسوس ناک کوشش کی گئی ہے۔۔۔ گڈبائی۔’

خبروں کی صداقت کی چھان بین کرنے والی ویب سائٹ ‘آلٹ نیوز’ کے سربراہ پرتیک سنہا نے کہا ‘ائرٹیل، آپکے ایک ملازم کے ساتھ مذہب کی بنیاد پر تفریق کی گئی، اپنے ملازم کا دفاع کرنے کے بجائے آپ نے صارف کا متعصبانہ مطالبہ تسلیم کر لیا؟’

پوجا سنگھ کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے جس پر عمر عبداللہ نے لکھا ہے کہ جو لوگ پوجا سنگھ کے لیے نازیبا زبان استعمال کر رہے ہیں وہ بھی ان سے (پوجا سنگھ سے) کسی طرح مختلف نہیں ہیں۔

لیکن تمام رد عمل سنجیدہ نہیں ہیں۔ پونم کھتری نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے لکھا ہے کہ ‘ائرٹیل کو میرا مشورہ یہ ہوگا کہ پوجا سنگھ کی سروس بند کرنے کے بجائے انھیں اپنی خدمات فراہم کرتے رہیں، انھیں اذیت دینے کا یہ بہترین طریقہ ہے۔’

ایک صارف مہک کا کہنا ہے کہ ‘پوجا سنگھ اتنی ہندو ہیں کہ اپنی گاڑی میں پیٹرول بھی نہیں ڈلواتیں کیونکہ یہ مسلم ممالک سے آتا ہے، وہ اپنی گاڑی گوبر گیس پر چلاتی ہیں!’

ٹوئٹر ہینڈل ‘دی لیجنڈ’ کا کہنا ہےکہ ‘امید کرتا ہوں کہ پوجا سنگھ کبھی بیمار نہ ہوں ورنہ انھیں ہندو ایمبولنس ڈرائیور، ہندو ہسپتال، ہندو ڈاکٹر، ہندو نرس۔۔۔ کا انتظار کرنا ہوگا۔’

تقریباً یہی باتیں اپریل میں بھی کہیں گئیں تھیں جب ابھیشیک مشرا نام کے ایک شخص نے اولا کمپنی کے ایک مسلمان ڈرائیور کی خدمات استعمال کرنے سے انکار کردیا تھا۔

اسی ہفتے اولا نے ایک ڈرائیور کو برخاست کیا ہے جس نے ایک مسلمان مسافر کو دلی کے ایک ایسے علاقے تک پہچانےسے انکار کر دیا تھا جہاں ملسمانوں کی بڑی آبادی ہے۔

اولا نے ایک بیان میں کہا کہ اس ڈرائیور کو ہٹا دیا گیا ہے۔ انڈیا کی طرح اولا بھی سیکولرزم میں یقین رکھتا ہے اور اپنے صارفین اور ڈرائیوروں کے ساتھ کسی قسم کے امتیاز کی اجازت نہیں دیگا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32732 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp