پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اس وقت بھارت کے شہر گوا میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شریک ہیں۔ تاہم ملک میں اس دورہ کی مخالفت میں آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔ تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے ایک ٹویٹ میں اس دورہ کی مذمت کی ہے اور اس عذر کو مسترد کیا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کو شنگھائی تعاون تنظیم جیسے اہم فورم میں شرکت کے لئے اس موقع پر گوا میں ہونا چاہیے تھا۔
انہوں نے اس دورہ کو ’مودی کی محبت میں کشمیریوں پر اور اقلیتوں پر ہونے والے مظالم کو نظر انداز‘ کرنے کے مماثل قرار دیا ہے اور اس کی مذمت کی۔ تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے البتہ متوازن اور ہوش مندانہ طرز عمل اختیار کیا ہے۔ انہوں نے نہ صرف علاقائی تعاون کے نقطہ نظر سے ایس سی او کے اجلاس میں شرکت کو اہم قرار دیا بلکہ پاکستانی وزیر خارجہ پر زور دیا کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بھارتی ہم منصب جے شنکر سے غیر رسمی ملاقات کریں اور دونوں ملکوں کے تعلقات میں سرد مہری ختم کرنے کی کوششوں کا آغاز کیا جائے۔
Read more