فواد چودھری بدستور شہباز شریف کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا سربراہ بنانے کے مخالف ہیں


وزیر اطلاعات فواد چودھری نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی سربراہی شہباز شریف کو دینے کی مخالفت کر دی۔ اُن کا کہنا ہے کہ بڑے بھائی کے منصوبوں کے آڈٹ پر چھوٹے بھائی کو چیئرمین پی اے سی بنانا منطقی طور پر غلط ہے۔

وزیراطلاعات کا کہنا ہے کہ یہ ایوان نہیں چلنے دے رہے تھے اور کمیٹیاں نہیں بننے دے رہے تھے، اس لیے ان سے کہا ہے کہ خود فیصلہ کرلیں ۔

فواد چودھری نے مزید کہا کہ اسپیکر صاحب کو بغیر اپوزیشن کے قائمہ کمیٹیاں بنانے کی ہمت کرنی چاہئے کیونکہ اپوزیشن نےاس فیصلے کے باوجود ایوان چلنے نہیں دینا، ہر روز ایک نیا بہانہ لے کر آئے گی۔

واضح رہے کہ حکومت شہباز شریف کو پبلک اکاونٹس کمیٹی کا چیئرمین بنانے پر مان گئی ہے۔ پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے پی اے سی کا چیئرمین نامزد کرنے کا اختیار قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو دیتے ہوئے دیگر معاملات پر ساتھ چلنے کی پیشکش کی تھی۔

وزیر دفاع پرویز خٹک نے بھی کہا تھا کہ روایت تسلیم کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر کو پبلک اکاونٹس کمیٹی کا چئیرمین مانا ہے۔ ماضی میں وزیراعظم عمران خان،شہباز شریف کو پبلک اکاونٹس کمیٹی کا چیئرمین بنانے کی کئی بار مخالفت کرچکے ہیں۔

کچھ تجزیہ کاروں نے اسے عمران خان کا روایتی اور کچھ نے مثبت یوٹرن قرار دے دیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).