سینی ٹائزڈ بکرے اب آپ کے گھر کی دہلیز پر


کورونا وبا کی وجہ سے اس سال بکر منڈیوں میں قربانی کے جانوروں کے بیوپاریوں اورخریداروں کی وہ رونق نظر نہیں آ رہی جو پہلے ہواکرتی تھی۔ ہر سال عیدالضحیٰ کے موقع پر بکر منڈیوں میں مختلف اور نایاب نسل کے قربانی کے جانور نہ صرف گاہکوں بلکہ میڈیا کی توجہ کا بھی مرکزبنتے رہے ہیں۔ ٹی وی چینلز پر پر باقاعدہ خصوصی رپورٹس میں اعلیٰ نسل کے خوبصورت اور قیمتی جانوروں کا تعارف پیش کیا جاتا تھا۔ میڈیا رپورٹرز کو ہر بکرمنڈی میں انٹرویو کے لئے کوئی نہ کوئی قربانی کے ایسے جانور باآسانی مل جاتے تھے۔

خوبصورت اور قیمتی قربانی کے جانوروں کے انٹرویو دیکھ کر گھر بیٹھے ناظرین خصوصاً گھریلو خواتین اور بچے خوب انجوائے کرتے۔ قربانی کے ایسے جانورعید تک لوگوں میں موضوع بحث رہتے، ایک طرف ان جانوروں کی اعلیٰ نسل کو دیکھ کر ان کی تعریف کی جاتی تو دوسری طرف بیش قیمت ہونے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے تنقید بھی کی جاتی۔ عید الضحیٰ کے دنوں میں لگنے والی بکر منڈیوں میں بہت سے دلچسپ اور عجیب واقعات بھی رونما ہوتے ہوتے، کبھی خبر آتی کہ بکر منڈی میں قربانی کا جانور بپھر گیا اور سب کی دوڑیں لگوادیں، کبھی خبر آتی کہ گاہک نے جعلی نوٹ دے کربیوپاری کو لوٹ لیا تو کبھی یہ سننے کو ملتا کہ گاہک کی جیب ہی کٹ گئی۔

جانوروں میں جب چیچڑ اور کانگو جیسی بیماریاں سامنے آئیں توبکر منڈی میں جانے والوں کواس بات کا بھی ڈر رہتا کہ کہیں وہ اس بیماری میں مبتلا نہ ہوجائیں۔ ان سب باتوں کے باوجود بکر منڈی کی رونقیں خوب عروج پر ہوتی تھیں لیکن اس مرتبہ کورونا نے بکر منڈی کی اصل رونقیں چھین لی ہیں۔ اب میڈیا رپورٹرز انٹرویو کے لئے اعلیٰ نسل کے خوبصورت تگڑے جانوروں کو بکر منڈیوں میں ڈھونڈھتے پھر رہے ہیں جب انٹرویو کے قابل کوئی تگڑا جانور نہیں ملتا تو تگڑے بیوپاری کا انٹرویو کر لیتے ہیں۔

پنجاب حکومت نے مخصوص علاقوں میں بکر منڈیاں لگائی ہیں جہاں کورونا، کانگو، چیچڑجیسی مہلک وباوں اور بیماریوں سے عوام کوبچانے کے لئے تمام تر حفاظتی اقدامات کیے ہیں۔ پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں عوام کو کورونا سے بچانے اور بکر منڈی میں ممکنہ رش کو کم کرنے کے لئے ”بکر منڈی ایپ“ بھی لانچ کی ہے جس کا سب سے بڑافائدہ یہ ہے کہ ایپ میں رجسٹرڈ ہوکر ہی قربانی کے جانور وں کی خریدو فروخت ہو سکے گی۔ شناختی کارڈ نمبر اور دیگر ضروری کوائف کے ساتھ رجسٹرڈ ہونے کے بعد کوئی بھی خریدار یا بیوپاری کسی دوسرے کے ساتھ دھوکہ یا فراڈ نہیں کرسکے گا۔

ایپ میں بیوپاری نسل، وزن اور قیمت کے ساتھ اپنے جانور کی تصویر اپلوڈ کر سکتے ہیں جبکہ خریدار اپنی استطاعت کے مطابق رقم درج کر کے مطلوبہ جانورکا انتخاب کر سکتا ہے۔ اگر دیکھا جائے تو اب بکر منڈی آپ کے موبائل میں سمٹ گئی ہے۔ کورونا نے اس مرتبہ قربانی کے جانوروں کی خریداری کے انداز بدل دیے ہیں اسی لئے بیوپاریوں اور خریداروں نے اب بکر منڈیوں کا رخ کرنے کی بجائے انٹرنیٹ پرآن لائن قربانی کے جانور خریدنے اور بیچنے شروع کردیئے ہیں۔

اگرچہ 2006 ء کے بعد سے ملک میں آن لائن قربانی کے جانور خریدنے کا سلسلہ شروع ہو چکا تھا ہوا مگر اس کو فروغ نہ مل سکا لیکن اب کورونا کی وجہ سے جہاں تمام شعبوں میں آن لائن کام شروع ہوگیا ہے اسی طرح آن لائن قربانی کے بکروں کی خریدوفروخت کا سلسلہ بھی زور پکڑ رہا ہے۔ مختلف غیر سرکاری ویب سائٹس پربھی آن لائن قربانی کے جانور دستیاب ہیں جہاں ہوم پیج پر لکھا ہے ”خوبصورت، سستے سینی ٹائزڈ بکرے“ ، ”کورونا سے بچنے کے لئے گھر بیٹے بکرے خریدیں اور گھر بیٹھے پے منٹ کریں“ ، ”سینی ٹائزڈ بکرے اب آپ کے گھر کی دہلیز پر“


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments