ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021: کرٹس کیمفر کی چار گیندوں پر چار وکٹیں، ہیٹ ٹرک سے بھی بڑا کارنامہ


کرٹس کیمفر
کرٹس نے جب چوتھی وکٹ لی اس وقت نیدرلینڈ کے 51 رنز پر چھ کھلاڑی پولین لوٹ چکے تھے
ایک آؤٹ، دوسرا اور اس کے بعد تیسرا بھی۔۔۔

کسی بھی بولر کا یہ خواب ہوتا ہے اور اگر اسے اس خواب کی تعبیر مل جائے تو وہ جیسے ہوا میں اڑ رہا ہوتا ہے۔

ظاہر ہے اس کے لیے اس سے زیادہ خوشی کا لمحہ اور کیا ہوسکتا ہے کہ وہ لگاتار تین گیندوں پر تین بیٹسمینوں کو پویلین کا راستہ دکھا دے لیکن اگر وہ اس ہیٹ ٹرک کے بعد اگلی گیند پر بھی ایک اور وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے تو کیا کہنے، یہ اس بولر کا جیک پاٹ ہوتا ہے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سلسلے میں پیر کے روز آئرلینڈ اور نیدرلینڈز کے درمیان ابوظہبی میں کھیلے گئے میچ میں آئرلینڈ کے بولر کرٹس کیمفر کی بھی جیسے لاٹری نکل آئی جب اُنھوں نے لگاتار چار گیندوں پر نیدرلینڈز کی چار وکٹیں حاصل کیں۔

اس کارنامے نے اُنھیں افغانستان کے راشد خان اور سری لنکا کے لستھ مالنگا کے برابر لاکھڑا کیا ہے جو ان سے پہلے دیگر ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں چار گیندوں پر چار وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

آئرلینڈ نے یہ میچ 7 وکٹوں سے جیت لیا ہے۔ نیدرلینڈز نے آئرلینڈ کو چیت کے لیے 107 رنز کا ٹارگٹ دیا تھا۔

یہ ڈرامائی واقعہ نیدرلینڈز کی اننگز کے 10 ویں اوور میں اس وقت شروع ہوا جب کرٹس کیمفر نے دوسری گیند پر کولن ایکرمین کو وکٹ کیپر نیل راک کے ہاتھوں کیچ کروانے کی اپیل کی لیکن امپائر نے وہ گیند وائیڈ دی تھی۔

کرٹس کیمفر

کرٹس کیمفر آئرلینڈ کے لیے صرف اپنا پانچواں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیل رہے تھے

تاہم کیمفر اور راک دونوں نے اپنے کپتان اینڈی بال بری کو ریویو کے لیے قائل کر لیا کہ ایکرمین کا دستانہ گیند سے لگا ہے اور یہ ریویو کیمفر کو وکٹ دلا گیا۔

اگلی گیند پر کیمفر نے رائن ٹین ڈیشکاٹے کو ایل بی ڈبلیو کردیا۔ نیدرلینڈز کے اگلے بیٹسمین سکاٹ ایڈورڈز بھی خود کو ہیٹ ٹرک بال پر ایل بی ڈبلیو ہونے سے نہ بچاسکے۔

یہ بھی پڑھیے

سکاٹ لینڈ سے شکست کے بعد بنگلہ دیش کا فائنل راؤنڈ میں کوالیفائی کرنا کتنا مشکل ہے؟

ٹی 20 ورلڈ کپ کا پہلا مرحلہ شروع، آغاز میں ہی ایک بڑا اپ سیٹ

یہ ڈرامہ یہیں پر ختم نہیں ہوا بلکہ کرٹس کیمفر نے چوتھی گیند پر چوتھی وکٹ روئلوف وان ڈر مروو کو بولڈ کر کے حاصل کی۔

کیمفر ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ہیٹ ٹرک کرنے والے آئرلینڈ کے پہلے کھلاڑی ہیں لیکن سب سے اہم بات یہ ہے کہ وہ دنیا کے ایسے صرف تیسرے بولر بن گئے ہیں جنہوں نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں چار گیندوں پر چار وکٹیں حاصل کی ہیں۔

راشد خان بمقابلہ آئرلینڈ

افغانستان کے لیگ سپنر راشد خان نے 24 فروی 2019 کو آئرلینڈ کے خلاف دہرہ دون میں کھیلے گئے میچ میں چار گیندوں پر چار وکٹیں حاصل کی تھیں۔

انہوں نے اپنے دوسرے اوور کی آخری گیند پر کیون او برائن کی وکٹ حاصل کی تھی۔ جب وہ اپنے تیسرے اوور میں بولنگ کے لیے آئے تو انہوں نے پہلی ہی گیند پر جارج ڈاکریل کو محمد نبی کے ناقابل یقین کیچ کے ذریعے آؤٹ کردیا۔ شان گیٹکیٹ راشد خان کی ہیٹ ٹرک مکمل کرانے کے خطاوار ٹھہرے اور پھر چوتھی گیند پر راشد خان نے گگلی کے ذریعے سیمی سنگھ کو ایل بی ڈبلیو کردیا۔

لستھ مالنگا بمقابلہ نیوزی لینڈ

سری لنکا کے فاسٹ بولر لستھ مالنگا نے 6 ستمبر 2019 کو پالیکلے میں نیوزی لینڈ کے چار بیٹسمین لگاتار گیندوں پر پویلین میں بھیجے۔

نیوزی لینڈ کی اننگز کے تیسرے اوور کی تیسری گیند پر لستھ مالنگا نے کالن منرو کو بولڈ کر کے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں اپنی وکٹوں کی سنچری مکمل کی تھی۔ اگلی گیند پر ہمیش ردرفرڈ کے خلاف ایل بی ڈبلیو کی اپیل امپائر نے رد کردی۔ سری لنکا نے ریویو لیا اور فیصلہ مالنگا کے حق میں گیا۔ اب مالنگا کے سامنے کالن ڈی گرینڈ ہوم تھے جو خود کو یارکر کی زد سے بچانے میں ناکام رہے تھے۔

مالنگا نے چار گیندوں پر چار وکٹیں لینے کی عادت ایک بار پھر دوہراتے ہوئے راس ٹیلر کو بھی ایل بی ڈبلیو کے ذریعے واپسی کا راستہ دکھایا۔

2007 کے پچاس اوورز والے عالمی کپ میں بھی انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں چار گیندوں پر چار وکٹیں حاصل کی تھیں۔ ان سے قبل پاکستان کے آف سپنر ثقلین مشتاق نے پشاور میں زمبابوے کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل میں پانچ گیندوں پر چار بیٹسمینوں کو آؤٹ کیا تھا۔

ٹیسٹ کرکٹ میں انگلینڈ کے مورس ایلم، کرس اولڈ اور پاکستان کے وسیم اکرم پانچ گیندوں پر چار وکٹیں حاصل کرنے والے تین بولرز ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ وسیم اکرم نے 1990 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف لاہور ٹیسٹ میں لگاتار دو گیندوں پر جیفری ڈوجون اور کرٹلی ایمبروز کی وکٹیں حاصل کی تھیں لیکن ہیٹ ٹرک بال پر عمران خان نے ای این بشپ کا کیچ ڈراپ کر کے وسیم اکرم کو ہیٹ ٹرک سے محروم کر دیا تاہم اگلی دو گیندوں پر وسیم اکرم مزید دو وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے تھے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32732 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments