اسٹرابری کی افادیت


Dr Shahid M shahid

اسٹرابری خوش رنگ پھل ہونے کے ساتھ ساتھ خوش ذائقہ پھل ہے۔ یہ پھل سرخ، چمکدار، جو سی اور میٹھا ہوتا ہے۔

یہ موسم سرما کا پھل ہے جو موسم بہار میں ملتا ہے۔ غذائی ماہرین کے مطابق اس کی چھ سو ( 600 ) سے زائد اقسام ہیں۔ اس کا استعمال آئس کریم، ملک شیک، مشروبات سلاد اور بطور پھل کیا جاتا ہے۔ یہ ہماری صحت کے لئے نعمت خداوندی پھل اور کسی سپر فوڈ سے کم نہیں ہے۔ یہ وٹامن سی کا بہترین ذریعہ ہے جس میں فولیٹ B 9 اور پوٹاشیم پایا جاتا ہے۔ یہ مختلف کینسر کی روک تھام میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ خاص طور پر گلے کا کینسر، خوراک کی نالی کا کینسر، اور بریسٹ کینسر سے محفوظ رکھتا ہے۔ اس میں پانی کی وافر مقدار پائی جاتی ہے جو جسم میں پانی کی کمی نہیں ہونے دیتی۔ اگر روزانہ آٹھ اسٹرابری کا استعمال کیا جائے تو انسان بہت سی بیماریوں سے بچ سکتا ہے۔

3.5 اونس والی اسٹرابری کی غذائی ترتیب کچھ یوں ہے۔ پانی 91 فیصد، کاربو ہائیڈریٹس 7.7 فیصد، کیلوریز 32، پروٹین 0.7 فیصد، فیٹ 0.3 فیصد ہوتی ہے۔ دنیا کے جن ممالک میں اسٹرابری کی بہت زیادہ پیداوار ہوتی ہے۔ ان میں چین، امریکا، میکسیکو، ترکی، مصر، سپین، ساؤتھ کوریا، پولینڈ، روس، جاپان اور جرمنی شامل ہے۔ گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے مطابق اس وقت دنیا کی سب سے بڑی اور وزنی اسٹرابری اسرائیل میں پیدا ہوئی جس کا وزن تقریباً 10 اونس تھا۔ یہ عام سائز سے تقریباً پانچ گنا بڑی ہے جس کا وزن 280 گرام کیا گیا۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ جاپان کے ایک کسان کے پاس تھا۔ 2015 میں سب سے زائد وزن والی اسٹرابری جس کا وزن 250 گرام پر مشتمل تھا۔

آئیں اس کے کچھ طبی فوائد پر روشنی ڈالتے ہیں۔
1۔ قوت مدافعت بڑھانے کے لئے : (To boost immunity)

اسٹرابری وٹامن سی کا بہترین ذریعہ ہے۔ چونکہ انسان کا جسم اس وٹامن کو بنانے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔ اس لیے غذائی شکل میں اس کا استعمال بہت مفید ہے۔ وٹامن سی ہمارے دفاعی نظام کو مضبوط اور طاقتور بناتا ہے۔ کیلیفورنیا یونیورسٹی کی ایک تحقیق کے مطابق اگر اس کا استعمال چند ہفتوں تک مسلسل کیا جائے تو اس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹ کی طاقت خون کا حصہ بن جاتی ہے۔ جو جسم سے غیر فاسد مادوں کو خارج کرتی رہتی ہے۔

2۔ کینسر سے تحفظ : (Cancer protection)

اسٹرابری کینسر سے تحفظ میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ ایک ریسرچ کے مطابق اس میں موجود ایک اہم جز (ellagic acid ) کینسر کے خطرے کو بہت حد تک کم کر دیتا ہے۔ خاص طور پر گلے کا کینسر، خوراک کی نالی کا کینسر اور بریسٹ کینسر کا خطرہ ٹل جاتا ہے۔

3۔ آنکھوں کی صحت : (Eyes ’s Health)

اسٹرابری اینٹی اوکسیڈنٹ پھل ہونے کے باعث موتیے کے مرض کی روک تھام میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اس کے استعمال سے بینائی کم ہونے یا ختم ہونے کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔ یہ سورج کے مضر شعاعوں کے اثرات سے بچاتی ہے۔ آنکھ کے اندرونی اور بیرونی پردے کی حفاظت کرتی ہے۔

4۔ جوڑوں کا ورم : (Arthritis)

اسٹرابری ایک اینٹی آکسیڈنٹ پھل ہے جو جوڑوں کے درد اور سوجن سے نجات دلاتا ہے۔ ہارورڈ اسکول آف پبلک ہیلتھ کے مطابق جو خواتین ہفتے میں سولہ یا اس سے زائد بار اسٹرابری کا استعمال کریں ان میں جوڑوں کا ورم 14 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔

5۔ خراب کولیسٹرول : (Bad cholesterol)

دنیا بھر میں شرح اموات کی بڑی وجہ امراض قلب ہے جس کے باعث ہر سال لاکھوں لوگ اپنی زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں۔ اس شرح اموات میں ایک بڑی وجہ کولیسٹرول کی بڑھی ہوئی خرابی ہے۔ اسٹرابری کے استعمال سے دل کی صحت بہتر ہوجاتی ہے۔ شریانوں میں خون نہیں جمتا۔ یہ پھل امراض قلب اور ذیابیطس کے مرض سے بہت حد تک بچاتا ہے۔

6۔ ہائی بلڈ پریشر : (Hypertension)

اسٹرابری میں موجود پوٹاشیم ایک صحت بخش جز ہے جو نا صرف ہمارے بلڈ پریشر کو کنٹرول کرتا ہے۔ بلکہ ہائی بلڈ پریشر سی بھی بچاتا ہے۔ اس کے مسلسل استعمال سے ہائی بلڈ پریشر، خراب کولیسٹرول اور ورم سے تحفظ ملتا ہے۔

7۔ قبل از وقت بڑھاپا : (Premature aging)

اسٹرابری میں موجود وٹامن سی قبل از وقت بڑھاپے سے بچاتا ہے۔ یہ جلد کی بحالی اور چمک میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ کیونکہ عمر بڑھنے کے ساتھ کولیگن کی سطح میں کمی آجاتی ہے۔ لیکن وٹامن سی اس کمی کو پورا کر کے جلد کو تر و تازگی کا احساس اور جھریوں سے بچاتا ہے۔

8۔ فائبر کی کمی : (Fiber deficiency)

فائبر ہضم کے لیے بہت ضروری ہے اور یہ قدرتی طور پر اسٹرابری میں پایا جاتا ہے جو ہضم کی فعل کو باقاعدہ بناتا ہے۔ اگر جسم میں خدانخواستہ فائبر کی کمی ہو تو اکثر لوگ قبض اور آنتوں کے ورم میں مبتلا رہتے ہیں۔ جس کا خطرہ تقریباً ساٹھ سال 60 کے بعد شروع ہوتا ہے۔

9۔ وزن میں توازن : (Weight balance)

یہ قدرتی امر ہے اگر ہمارے وزن میں زیادتی نا ہو توہم ٹائپ ٹو ذیابیطس اور امراض قلب سے بچ سکتے ہیں۔ اس میں قدرتی طور پر کیلوریز کم ہوتی ہیں اس کے علاوہ نمکیات اور شوگر کی مقدار بھی بہت کم ہوتی ہے جو وزن بڑھنے سے بچاتی ہے۔

10۔ حاملہ خواتین : (Pregnant women)

حاملہ خواتین کے لیے یہ پھل نعمت خداوندی ہے۔ اس میں موجود فولیٹ B 9 حمل کے ابتدائی دنوں میں بچے کی بہتر نشوونما میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ خاص طور پر دماغ، کھوپڑی اور ریڑھ کی ہڈی کے لیے فولیٹ بہت مفید ہے۔ اس کے مسلسل استعمال سے پیدا شی نقائص دور ہو جاتے ہیں۔ اسٹرابری زچہ و بچہ دونوں کے لیے بہت مفید ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments