بالی وڈ اداکارہ سوارا بھاسکر کی مسلم نوجوان سے شادی جو کسی فلمی کہانی سے کم نہیں


یہ مارچ سنہ 2020 کی بات ہے۔ فہد احمد نامی ایک شخص نے بالی وڈ اداکارہ سوارا بھاسکر کو واٹس ایپ پر پیغام بھیجا کہ ’میری بہن کی شادی 8 اپریل کو ہے۔ آپ نے آنا ہے۔‘

اس پیغام کا جواب دیتے ہوئے سوارا بھاسکر نے لکھا کہ ’یار ناممکن سا لگتا ہے، شوٹنگ سے نہیں نکل سکتی، اس بار مجھے معاف کر دو لیکن میں وعدہ کرتی ہوں، میں تمہاری شادی میں ضرور آؤں گی۔‘

واٹس ایپ پر فہد احمد اور سوارا بھاسکر کی اس بات چیت سے ساڑھے تین ماہ پہلے ان کی پہلی ملاقات انڈیا میں شہریت کے ایک متنازع قانون کے خلاف جاری مظاہروں کے دوران ہوئی تھی۔

اس وقت شہریت کے ترمیمی قانون (سی اے اے) مخالف تحریک پورے ملک میں پھیل چکی تھی۔ سوارا نے ممبئی میں ہونے والے احتجاج میں حصہ لیا۔ اس وقت فہد احمد سٹیج پر ایک کونے میں کھڑے نظر آئے تھے۔

وہاں سے دونوں کے درمیان بات چیت شروع ہوئی اور یہ گفتگو رفتہ رفتہ دوستی میں بدل گئی۔

اسی دوستی کی وجہ سے فہد نے سوارا کو واٹس ایپ کے ذریعے اپنی بہن کی شادی میں مدعو کیا تھا اور سوارا بھاسکر نے شرکت سے معذرت کرتے ہوئے فہد کی شادی میں شرکت کا وعدہ کیا تھا۔

تین سال بعد یعنی 16 فروری سنہ 2023 کو سوارا بھاسکر فہد کی شادی میں پہنچیں اور وہ بھی دلہن کے طور پر۔

سوارا بھاسکر ہندی سنیما کی مشہور اداکارہ ہیں۔ سنیما کی کہانی ان کے لیے نئی نہیں تاہم شریک حیات کی تلاش کے لیے ان کا سفر کسی فلمی کہانی سے زیادہ مختلف نہیں نظر آتا۔

’سوارا ویڈز فہد‘

8 جنوری 2023 کو سوارا بھاسکر نے پہلی بار عوامی طور پر اس بات کی جانب اشارہ کیا کہ وہ فہد سے محبت کرتی ہیں۔

انھوں نے انسٹاگرام پر فہد کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی حالانکہ اس میں سوارا اور فہد کے چہرے نظر نہیں آ رہے تھے۔

ایسے میں سوارا کے مداح کمنٹس میں صرف قیاس آرائیاں کر رہے تھے اور انھیں مبارکباد دے رہے تھے۔

سوارا بھاسکر نے اس تصویر کے کیپشن میں لکھا کہ ’یہ محبت ہو سکتی ہے۔۔۔‘

8 جنوری کی اس تصویر اور کیپشن کا مطلب بالآخر 16 فروری کو سامنے آیا۔

https://www.instagram.com/p/CnIW0g7rYwW/

سوارا بھاسکر نے فہد احمد کے ساتھ 16 فروری کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ویڈیوز اور تصاویر شیئر کرکے اپنی شادی کا اعلان کیا۔ سوارا اور فہد کی شادی ممبئی میں سپیشل میرج رجسٹریشن ایکٹ کے تحت ہوئی۔

فہد اور سوارا کے والدین کے ساتھ ساتھ اداکارہ سونم کپور اور فیشن ڈیزائنر سندیپ کھوسلہ شادی میں شرکت کرنے والوں میں شامل تھے۔

انڈیا کے سوشل میڈیا پر سوارا بھاسکر ٹرینڈ کر رہی ہیں۔ کوئی انھیں تنقید کا نشانہ بنا رہا ہے تو کوئی مبارکباد دے رہا ہے۔

ایک ہندو اور مسلمان کے درمیان ہونے والی اس شادی پر سوشل میڈیا پر کافی بحث جاری ہے۔ بہرحال سوارا بھاسکر کو اپنے سیاسی اور سماجی مؤقف کے لیے اس سے قبل بھی سوشل میڈیا پر ٹرول کیا جاتا رہا ہے۔

فہد کا ممبئی تک کا سفر

اداکارہ سوارا بھاسکر نے بالی وڈ میں اپنی ایک الگ پہچان بنائی ہے جبکہ ان کے شوہر فہد احمد سماج وادی پارٹی کی نوجوان تنظیم یواجن سبھا کے مہاراشٹر کے ریاستی صدر ہیں۔

جولائی سنہ 2022 میں فہد احمد نے سماج وادی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ مہاراشٹر کی سیاست میں سرگرم فہد بنیادی طور پر اتر پردیش کے بریلی ضلع کے رہنے والے ہیں۔

فہد فروری 1992 میں پیدا ہوئے۔ فہد نے اترپردیش کی معروف علی گڑھ یونیورسٹی (اے ایم یو) سے اپنی تعلیم مکمل کی۔ اس کے بعد فہد پوسٹ گریجویشن کے لیے ممبئی چلے گئے اور ٹاٹا انسٹیٹیوٹ آف سوشل سائنسز سے ایم فل کیا۔

ٹاٹا انسٹیٹیوٹ آف سوشل سائنسز میں رہتے ہوئے، فہد نے طلبہ کی تحریک میں حصہ لینا شروع کیا۔

یہ بھی پڑھیے

بالی وڈ کے بڑے سٹار سوارا بھاسکر سے کچھ سبق لیتے!

سونم کپور کی شادی میں فلمی ستاروں کا تانتا

کترینہ کیف اور وکی کوشل کی شادی کی تصاویر پر سوشل میڈیا صارفین کے دلچسپ تبصرے، سلمان خان کے میمز

والد سے تحریک میں شامل ہونے کی ترغیب ملی

ابتدائی دنوں میں تعلیم کے شعبے کے مسائل فہد کی تحریک کا محور رہے۔ اسی دوران ملک بھر میں سی اے اے مخالف مظاہرے بھی شروع ہو گئے اور فہد نے ٹاٹا انسٹیٹیوٹ آف سوشل سائنسز چھوڑ دیا۔

اس وقت فہد ان تحریکوں میں حصہ لے رہے تھے اور یہیں ان کی ملاقات سوارا بھاسکر سے ہوئی لیکن فہد کو جدوجہد اور تحریک گھر سے ہی ورثے میں ملی تھی۔

فہد کے والد ضرار احمد علی گڑھ میں سماج وادی پارٹی کے مقامی لیڈر ہیں۔

مڈ ڈے اخبار سے بات کرتے ہوئے فہد احمد نے کہا کہ ’میرے والد نے بہت سی سماجی تحریکوں کی قیادت کی۔ میرے والد ان خاندانوں کی مدد کرتے تھے جو مالی مجبوریوں کی وجہ سے حج پر نہیں جا سکتے تھے۔ انھی اقدار سے مجھ میں بھی سماجی شعور بیدار ہوا۔

فہد پانچ بہن بھائیوں میں سب سے بڑے ہیں۔

پڑھائی کے لیے ممبئی آتے ہوئے فہد نے فیصلہ کر لیا تھا کہ وہ زیادہ دن ممبئی میں نہیں رہیں گے تاہم اب فہد نہ صرف ممبئی میں رہتے ہیں بلکہ وہ سماج وادی پارٹی کے یوتھ ونگ کے مہاراشٹر کے ریاستی صدر بھی ہیں۔

سوارا بھاسکر

سوارا بھاسکر کا فلمی کیرئیر

سوارا کو ملک بھر میں ایک ایسی اداکارہ کے طور پر جانا جاتا ہے، جو اہم مسائل پر واضح مؤقف اختیار کرتی ہیں۔ ان کی بہادری میں ان کی خاندانی وراثت کی بھی جھلک نظر آتی ہے۔

سوارا کے والد سی ادے بھاسکر انڈین بحریہ کے ایک سابق افسر ہیں اور وہ انڈیا کے سلامتی اور سٹریٹیجک امور کے ماہر مانے جاتے ہیں۔ سوارا کی ماں ایرا بھاسکر دہلی کی جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں پڑھاتی ہیں۔

سوارا اصل میں دلی کی رہنے والی ہیں۔ دلی کے سردار پٹیل ودیالیہ سے انھوں نے سکول کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد دلی یونیورسٹی کے میرانڈا ہاؤس کالج سے انگریزی ادب میں گریجویشن کیا۔

گریجویشن کے بعد سوارا نے جواہر لال نہرو یونیورسٹی سے سماجیات میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔

سنہ 2008 میں سوارا فلم انڈسٹری میں کام کرنے کے لیے ممبئی پہنچیں۔ ایک سال بعد انھوں نے فلم ’مادھولال کیپ واکنگ‘ سے اپنی اداکاری کا آغاز کیا۔

اگلے سال انھوں نے سنجے لیلا بھنسالی کی فلم گزارش میں معاون اداکارہ کے طور پر کام کیا۔

اس کے بعد ’تنو ویڈس منو، رانجھنا، ویرے دی ویڈنگ، پریم رتن دھن پایو‘ جیسی فلموں میں سوارا بھاسکر نے یادگار کردار ادا کیے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32641 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments