چین انڈیا سرحدی تنازع: انڈیا اور چین کے وزرائے دفاع کی ماسکو میں ملاقات، انڈین آرمی چیف کے مطابق ‘سرحد پر صورتحال نازک’


چین کے وزیر دفاع ویئ فینگی نے اپنے انڈین ہم منصب راج ناتھ سنگھ سے ماسکو میں ملاقات کے دوران کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین جاری سرحدی کشیدگی کو کم کیا جانا چاہیے اور ساتھ ساتھ انھوں نے انڈیا پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اس حالیہ تناؤ کا باعث انڈیا ہے۔

چین کے سرکاری خبر رساں ادارے کی جانب سے جاری خبر کے مطابق چینی وزیر دفاع نے اس دو گھنٹے سے زیادہ جاری ملاقات میں راج ناتھ سنگھ کو پیغام دیا کہ ‘سرحد پر جاری حالات اور تناؤ کی وجہ اور حقیقت بہت واضح ہے اور اس کی تمام تر ذمہ داری انڈیا پر عائد ہوتی ہے’۔

انڈین اخبار دا ہندو کے مطابق جمعے کی شب ہونے والی ملاقات کے کئی گھنٹوں بعد بھی انڈین حکومت کی جانب سے اس ملاقات کے بارے میں کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا تاہم انڈین وزیر دفاع نے اس ملاقات کی تصویر ٹویٹ کی۔

https://twitter.com/rajnathsingh/status/1301952037131751424

اسی حوالے سے مزید پڑھیے

کیا روس، چین اور انڈیا کے درمیان ثالثی کرا سکتا ہے؟

‘کیا انڈیا چین کے جال میں پھنس چکا ہے؟’

انڈیا، چین فوجی ٹکراؤ کتنا سنگین؟

انڈیا،چین تنازع: کب کیا ہوا؟

دونوں وزراِ دفاع شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس میں شرکت کے لیے ماسکو میں موجود ہیں اور ان کی ملاقات ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب گذشتہ کچھ مہینوں سے انڈیا اور چین کے مابین سرحد پر تناؤ اور پرتشدد جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔

دوسری جانب انڈین آرمی کے چیف جنرل منوج مکنڈ ناروان نے کہا ہے کہ ‘لائن آف ایکچول کنٹرول (ایل اے سی) پر صورتحال واقعتاً نازک اور کشیدہ ہے۔’

انڈین اخبار دی ہندو کے مطابق لداخ کے دو روزہ دورے پر گئے ہوئے جنرل منوج مکنڈ ناروان نے کہا ہے کہ ‘ایل اے سی پر صورتحال کافی سنگین ہے لیکن ہم کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔’

انھوں نے مزید کہا کہ ملک فوج پر اعتماد کرسکتا ہے اور انڈین فوج نے احتیاطی طور پر ایل اے سی پر اضافی تعیناتیاں کی ہیں۔

‘ایل اے سی پر پہلے سے موجود پوزیشن حاصل کرنے کے لیے فوجی اور سفارتی سطح پر مسلسل بات چیت جاری ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ بات چیت کے ذریعے اس کا حل تلاش کیا جاسکتا ہے۔’

ماسکو ملاقات میں کیا ہوا؟

چینی حکومت کی جانب سے جاری سرکاری بیان کے مطابق چین کے وزیر دفاع ویئ فینگی نے کہا کہ دونوں مالکوں کے درمیان واضح طور پر بات چیت ہونی چاہیے تاکہ اس تناؤ کی کیفیت کو کم کیا جائے تاہم ان کا کہنا تھا کہ چین کسی بھی صورت میں اپنی ایک انچ جگہ بھی نہیں چھوڑ سکتا۔

‘چینی فوج پوری طرح تیار ہے اور انھیں اس بات کا اعتماد ہے کہ وہ اپنی قومی اور سرحدی سالمیت کا بھرپور طریقے سے دفاع کر سکتے ہیں۔’

خبر رساں ادارے کے مطابق ویئ فینگی نے راج ناتھ سنگھ کو پیغام دیا کہ دونوں ملکوں کو ساتھ بیٹھ کر بات کرنا ہوگی تاکہ سرحدی علاقے میں امن قائم رہے۔

راج ناتھ سنگھ نے ایس سی او کے اجلاس میں کیا کہا؟

آل انڈیا ریڈیو کے مطابق ایس سی او کے رکن ممالک کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ انڈیا عالمی سلامتی کے لیے پرعزم ہے جو آزاد ، شفاف ، جامع اور بین الاقوامی قانون سے منسلک ہے۔

راج ناتھ سنگھ نے اپنے خطاب میں کہا کہ دنیا میں ایک دوسرے پر اعتماد اور تعاون ، بین الاقوامی قوانین کا احترام ، ایک دوسرے کے مفادات کے لیے اختلافات کو پر امن طریقے سے حل کیا جانا چاہیے۔

وزیر دفاع نے اپنے خطاب میں اس بات پر بھی زور دیا کہ بھارت دہشت گردی کی ان تمام اقسام کی مذمت اور تنقید کرتا ہے جو اس کی حمایت کرتے ہیں۔

بھارت اور چین کے مابین موجودہ تنازع

چین

انڈیا اور چین کے درمیان سرحدی کشیدگی طویل عرصے سے جاری ہے

واضح رہے کہ انڈین میڈیا کے کچھ حلقوں میں یہ لکھا جارہا تھا کہ چینی فوج مئی کے پہلے ہفتے سے سرحد کے اُن حصوں میں داخل ہوچکی ہے جسے انڈیا اپنا علاقہ قرار دیتا ہے۔

انڈین حکومت کی جانب سے ان خبروں کی تردید آتی رہی تاہم گلوان وادی میں جون کے وسط میں ہونے والے پرتشدد تصادم نے معاملہ بدل دیا۔

اس جھڑپ میں انڈین فوج کے ایک کرنل سمیت 20 فوجی ہلاک ہوگئے۔ انڈین حکام کے مطابق اس میں کچھ چینی فوجی بھی مارے گئے تھے لیکن ان کی تعداد کے بارے میں کوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا اور نہ ہی اس جھڑپ میں چینی فوجیوں کی ہلاکت کے بارے میں چین نے بھی کوئی سرکاری بیان دیا۔

حال ہی میں خبریں سامنے آئیں جس کے مطابق اگست کے آخر میں دونوں فوجوں کے درمیان ایک بار پھر سرحد پر جھڑپ ہوئی تھی ، لیکن اس میں کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32735 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp