لوکاٹ کی افادیت


Dr Shahid M shahid

لوکاٹ موسم گرما کا پھل ہے جو میٹھا رسیلا خوشبودار اور مزے دار ہوتا ہے۔ اس کا رنگ گہرا زرد اور سائز بڑے بیر کی طرح ہوتا ہے۔ ایک گچھے میں تقریباً 5 سے 20 لوکاٹ لگتے ہیں۔ ہر لوکاٹ میں 3 سے 4 بیج ہوتے ہیں جن کی رنگت گہری بھوری ہوتی ہے۔ اس کے بیج زہریلے ہوتے ہیں اگر خدانخواستہ انہیں غلطی سے کھا لیا جائے تم موت بھی واقع ہو سکتی ہے۔ دنیا میں اسے مختلف ناموں سے پکارا جاتا ہے۔ مثلاً (japanese Medlar) ، (japanese plum) ، (Chinese plum) ، (Pipa China) اور (Nespola ) جبکہ انگریزی میں اسے (Eribotrya japonica ) کہا جاتا ہے۔

دیگر پھلوں کی طرح لوکاٹ بھی اینٹی اوکسیڈنٹ (Antioxidant) پھل ہے۔ جو ہمارے جسم سے فاسد مادوں کو خارج کرتا ہے۔ اس کے بیج زہریلے ہوتے ہیں اگر خدانخواستہ انہیں غلطی سے کھا لیا جائے تو موت بھی واقع ہو سکتی ہے۔ انہیں کھانے سے اکثر جو علامات دیکھنے کو ملتی ہیں۔ ان میں قے، متلی، سانس کی تنگی، ہیضہ، بے چینی اور گھبراہٹ شامل ہے۔

لوکاٹ کا درخت سدا بہار جھاڑی نما پودا ہوتا ہے۔ جس کی لمبائی 5 سے 10 میٹر یعنی 6 سے 33 فٹ تک ہوتی ہے۔ لیکن زیادہ تر اس کی لمبائی 3 سے 4 میٹر یعنی 10 سے 13 فٹ تک ہوتی ہے۔ اس درخت کی پیداوار کا دار و مدار علاقائی درجہ حرارت پر ہوتا ہے۔ اس کے پتے 4 سے 10 انچ لمبے گہرے سبز اور ربڑ نما سخت ہوتے ہیں۔ پھول موسم خزاں میں کھلتے ہیں جن کا سائز 2 سینٹی میٹر یعنی ایک انچ کا ہوتا ہے۔ عموماً ایک پھول میں پانچ پتیاں کھلتی ہیں۔

بنیادی طور پر لوکاٹ کا پھل جنوبی چین سے تعلق رکھتا ہے۔ لوکاٹ زیادہ تر جاپان، بحیرہ روم، پاکستان، چین، بھارت، آسٹریلیا، ازبکستان، برمودہ، چلی، کینیا، اسرائیل، ساؤتھ افریقہ، نیوزی لینڈ، سنٹرل امریکہ، میکسیکو، ایران اور جنوبی امریکا میں کثرت سے پیدا ہوتا ہے۔

البتہ ریاستہائے متحدہ کے گرم علاقوں ہوائی، کیلیفورنیا، ٹیکساس، الباما، فلوریڈا اور جارجیا میں بہت زیادہ پایا جاتا ہے۔ لوکاٹ کو بطور پھل، سلاد، چٹنی اور مربہ کے طور پر بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ پاکستان میں لوکاٹ کلر کہار، حسن ابدال، وادی سوات، اور وادی کہون پوٹھوہار میں پایا جاتا ہے۔

سو گرام لوکاٹ میں یعنی ( 3.5 اوز ) میں اس کی غذائی افادیت کچھ یوں ہے۔

کیلوریز 47، کاربوہائیڈریٹس 2.14 گرام، ڈائٹری فائبر 1.7 گرام، فیٹ 0.2 گرام، پروٹین 0.43 گرام، وٹامن اے 76 مائیکرو گرام، تھایامین B 1، 0.019 ملی گرام، رائبو فلیون B 2، 0.024 ملی گرام، نیا سین B 3، 0.18 ملی گرام، وٹامن B 6، 0.1 ملی گرام، فولیٹB 9، 14 مائیکرو گرام، وٹامن سی ایک ملی گرام، پوٹاشیم 266 ملی گرام، کیلشیم 16 ملی گرام، آئرن 0.28 ملی گرام، میگنیشیم 13 ملی گرام، فاسفورس 27 ملی گرام، سوڈیم ایک ملی گرام، زنک 0.05 ملی گرام پایا جاتا ہے۔

آئیں اس کے کچھ طبی فوائد پر روشنی ڈالتے ہیں۔
1۔ کینسر کا خطرہ کم کرنے کے لئے :
(To reduce the risk of cancer)

لوکاٹ میں یہ خوبی موجود ہے کہ وہ کینسر کے خطرہ کو کم کر دیتی ہے۔ یہ خون کے سیلز میں کینسر کی نشوونما روک دیتا ہے۔ اس میں ( polyphenels) کی موجودگی سفید سیلز کی بڑھوتری کو روکتی ہے۔

2۔ سانس کے امراض : (Respiratory Diseases)

لوکاٹ نظام تنفس کی بیماریوں کی روک تھام میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ یہ میوکس ممبرین سے بہنے والے مواد کو روک دیتی ہے۔ یہ بلغم کے اخراج میں بھی مدد دیتی ہے۔ اس کے علاوہ یہ مختلف انفیکشنز اور بیکٹیریا کی روک تھام میں اہم کردار ادا کر کے سانس کے امراض سے بچاتی ہے۔

3۔ قوت مدافعت بڑھانے کے لئے : (To boost immunity)

یہ حقیقت ہے کہ وٹامن سی قوت مدافعت بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ لوکاٹ ان چند پھلوں میں سے ایک ہے جو وٹامن سی فراہم کر کے انفیکشنز اور دیگر بیماریوں سے محفوظ رکھتا ہے۔ کیوں کہ وٹامن سی سفید خلیوں کی نشوونما کر کے مختلف بیماریوں کے خلاف لڑنے کی طاقت دیتا ہے۔

4۔ وزن کم کرنے کے لئے : (To lose weight)

لوکاٹ میں بہت کم کیلوریز ہوتی ہیں جو وزن کم کرنے میں مدد دیتی ہیں۔ جن لوگوں کا وزن زیادہ ہے وہ اپنی روزمرہ خوراک میں لوکاٹ کا استعمال کر کے وزن کم کر سکتے ہیں۔

5۔ ہضم کی قوت بڑھانے کے لئے :
(To increase digestion)

روزمرہ زندگی میں کچھ لوگوں کو ہضم کا مسئلہ درپیش رہتا ہے۔ ایسے لوگوں کے لئے لوکاٹ کا کھانا بہت سود مند ہے۔ اس میں ڈائٹری فائبر کی موجودگی ہضم کے فعل کو باقاعدہ بناتی ہے۔ ڈائٹری فائبر پاخانہ کو نارمل اور آنتوں کی صحت کو باقاعدہ بناتا ہے۔ یہ ڈائریا، قبض اور دیگر امراض ہضم سے بچاتا ہے۔

6۔ دماغ کی صحت کے لیے : (For mental health)

جیسے جیسے ہم بوڑھے ہوتے جاتے ہیں اسی طرح ہمارے اندر قوت مدافعت بھی کم ہوتی جاتی ہے۔ جس کا براہ راست اثر یاداشت پر پڑتا ہے۔ لوکاٹ دماغ کی صحت پر خوشگوار اثرات مرتب کر کے اسے ڈیمنشیا، پاگل پن، اور الزائمر جیسے امراض سے تحفظ دیتی ہے۔

7۔ بینائی کی بحالی : (Restoration of vision)

اس میں وٹامن اے پایا جاتا ہے جو آنکھوں کی صحت اور نظر کی بہتری میں بہت مفید ہے۔ وٹامن اے آنکھوں کو سفید اور کالے موتیے سے بچانے کی استعداد رکھتا ہے۔

یہ آنکھوں کو سوزش اور دیگر انفیکشن سے بچاتا ہے۔
8۔ ذیابطیس کو کنٹرول کرنے کے لئے :
(To control diabetes)
ذیابطیس کے مریض لوکاٹ کا استعمال دل کھول کر کر سکتے ہیں۔ اس کے باقاعدہ استعمال سے شوگر اعتدال میں

آ جاتی ہے۔ یہ ایک نامیاتی مرکب ہے جو انسولین اور گلوکوز کے لیول کو اعتدال میں رکھتا ہے۔ اس کے پتوں کی چائے بھی شوگر کے مریضوں کے لئے بہت مفید ہے۔

9۔ ہڈیوں کی صحت : (Bone، s health)

جیسے جیسے ہم بوڑھے ہوتے جاتے ہیں ہماری ہڈیاں بھی کمزور ہونا شروع ہوجاتی ہیں۔ خاص طور پر 60 سال کے بعد ہڈیوں کے ٹوٹنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ اور خواتین میں یہ خطرہ تو مینو پاز (Menopause ) کے بعد شروع ہو جاتا ہے۔ لیکن لوکاٹ اس خصوصیت کا حامل پھل ہے جو ہڈیوں کو صحت مند رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ یہ فریکچر اور قبل از وقت ہڈیوں کو خستہ ہونے سے بچاتا ہے۔

10۔ دافع سوزش : (Anti۔ inflammatory)
ڈائٹری کے ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ یہ اینٹی انفلیمیٹری پھل ہے۔ یہ بات ہم سب کے لیے تسلی بخش ہے

کہ ایسے لوگ جن کو سوزش کا خطرہ لاحق ہوتا ہے۔ خاص طور پر ایسے لوگ جن کے جوڑ سوج جائیں اور ان کے اردگرد سختی موجود ہو۔ تازہ لوکاٹ سوزش کی شدت کم کر دیتا ہے۔ اس کے علاوہ کھانسی اور چھاتی کی سوزش میں بھی مفید ہے۔

11۔ HB بڑھانے کے لئے : (To increase HB)

آئرن ہمارے جسم کے لیے بہت اہم ہے جو ہمارے خون میں ایچ بی بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ کیونکہ ان سلیز سے توانائی پیدا ہوتی ہے جس سے ہمارے جسم کا میٹابولک درست رہتا ہے۔

12۔ کولیسٹرول لیول : (Cholesterol level)

ہمارے جسم میں کولیسٹرول کا اعتدال میں رہنا بہت ضروری ہے۔ بڑھا ہوا کولیسٹرول (LDL) جو فالج اور دل کی بیماریوں کا موجب بنتا ہے۔ اسے اعتدال میں رہنا بہت ضروری ہے۔ لوکاٹ بڑھے ہوئے کولیسٹرول کو اعتدال میں رکھتی ہے۔

13۔ بلڈ پریشر کنٹرول کرنے کے لئے :
(To control blood pressure)

لوکاٹ میں پوٹاشیم پایا جاتا ہے جو دل کو طاقتور اور صحت مند رکھتا ہے۔ اس سے خون کی نالیوں پر وزن کم پڑتا ہے۔ جس کے باعث ہمارا بلڈ پریشر کنٹرول رہتا ہے۔ لوکاٹ بڑھے ہوئے پریشر کو کم کرتی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments