پنجاب یونیورسٹی جمعیت ….جوابِ دعویٰ


\"sajid-sultan\"المیہ:       ہم دوسروں کے لیے بہترین جج اور اپنے لیے بہترین وکیل ہیں ۔

سلیم صاحب:اسی لیے آپ نے طلبہ تنظیموں کا موازنہ، جمعیت اور اس کے کردار پر تجزیہ پیش نہیں کیا بلکہ جمعیت کے خلاف استغاثہ دائر کیا ہے ۔ آپ تنقید کرتے تو وہ ایک مثبت عمل تھا مگر آپ نے محض تنقیص کرنے پر اکتفا کیا ہے ۔

-1            جن کا یہ نظریہ ہو کہ خاتون کے جنازے کو غیر محرم کندھا بھی نہیں دے سکتا وہ اس امر کے ساتھ کیسے سمجھوتہ کریں گے کہ زندہ خاتون کے کندھے سے کندھا ملا کر کوئی غیر محرم اُٹھے بیٹھے اور چلے ؟

امر بالمعروف و نہی عن المنکر کے کیا معنی؟ برائی کو ہاتھ ،زبان اور دل سے روکنا اور برا جاننا کیا معنی؟

سلیم صاحب:آپ ایک نوجوان لڑکی اور لڑکے کو تخلیے میں ملنے ، باتیں کرنے اور اٹھنے بیٹھنے کی کس حد تک اجازت دیتے ہیں؟ یا وہ کوئی بھی حد پار کر جائیں ، آپ معاشرے اور جمعیت کو روکنے کی اجازت نہیں دیتے ؟ آپ زنا بالجبر کے تو خلاف ہیں اور زنا کے ؟ زنا بالجبر پر تو آپ کے اور جمعیت کے نظریات مختلف ہیں مگر زنا پر؟ اگر کوئی لڑکا کسی لڑکی کو اس کی مرضی کے برخلاف تنگ کرے تو جمعیت کو کیا کرنا چاہیے ؟ کبھی آپ نے لڑکیوں کے والدین سے بھی سروے کیا ہے کہ وہ جمعیت کے اس کردار کو کس طرح دیکھتے ہیں؟ لڑکوں کی طرح کیا لڑکیوں کو بھی جمعیت سے یہ شکایت تھی کہ وہ لڑکوں سے تخلیے میں ملنا چاہتی تھیں مگر جمعیت ان کے راستے میں حائل تھی ؟ اگر ایسا تھا بھی تو کتنے فیصد؟ ایک روز میں اور ایک جماعتی زاہد اٹک ڈیپارٹمنٹ سے ہاسٹل کی طرف جا رہے تھے نہر والی سڑک پر ایک ویگن رکی اس میں سے روتی ہوئی لڑکی نکلی جو زاہد کو سائیڈ پر لے گئی۔ جب زاہد واپس آیا تو اس نے بتایا کہ ویگن میں سٹوڈنٹ نے اسے چھیڑا ہے جس کا نام نہیں جانتی مگر پہچانتی ہے ۔ بعد میں زاہد نے مجھے اس کا نام بھی بتایا مگر پیٹا اسے بھی نہیں گیا۔ جمعیت کو تو وہ بھی برا ہی کہتا ہوگا۔ میرے ایک ہم جماعت کے بھائی کی منگیتر بھی پڑھتی تھی ۔ بسا اوقات وہ لائبریری بیٹھ جاتے تھے ۔کوئی کچھ نہ کہتا تھا ۔ 10ہوسٹلوں کے وسط میں فروٹ شاپس تھیں۔ ان ہوسٹلوں میں 3000کے قریب طلبا رہتے ہیں جن میں سے کوئی ڈیرھ دو سو کے قریب تو ان فروٹ شاپس کے ایریا میں ہوتے ہی ہیں ۔ ان لڑکوں کے درمیان واحد نوبیاہتا خاتون کو لے کر جانا بذاتِ خود کیا عجیب نہیں لگتا؟

-2            اُستادِ ذی وقار جناب ڈاکٹر زیڈ اے خان سے کلاس نے چائے کا مطالبہ کیا وہ ہمیں فیصل آڈیٹوریم کے ساتھ والی کینٹین پر لے گئے ۔ گھاس پر لڑکے لڑکیاں دائرے میں بیٹھ گئے ۔ایک لڑکے نے ٹیبل بوائے کو پکارا” چھوٹے موٹے“ اور پھر آرڈر کیا کہ چائے ، سموسے اور لائف بوائے (اس وقت تک لائف بوائے بھی کیچپ کی طرح صرف سرخ رنگ میں ہی تھا) ڈاکٹر صاحب نے فرمائش کی کہ سب شعر سنائیں ۔ میں نے غالب کے شعر کی پیروڈی سنائی

میں کیا کہوں کہ کیا ہے یہ بیغم بری بلا ہے

خوچہ تم کو بھی دکھاتا جو نہ پردے دار ہوتا

جب محفل برخاست ہوئی تو میں نے ناظم جامعہ محبوب الزماں بٹ ( جو کہ میرے کلاس فیلو تھے ) کو اس غزل کا مطلع سنا یا

یہ نہ تاامارا قسمت کہ وصالِ یار ہوتا

جو وصالِ یار ہوتا تو بچہ تین چار ہوتا

بٹ صاحب نے کہا یہ شعر آپ نے وہاں کیوں نہیں سنایا میں نے کہا کہ آپ اور لڑکیوں کی وجہ سے ۔انہوں نے کہا کمال ہے اس میں کیا حرج تھا ۔ کہنے کا مقصد یہ ہے کہ نہ تو مزاح پر پابندی تھی اور نہ ہی گھٹن کا ماحول تھا۔

یہ بات درست ہے کہ پنجاب یونیورسٹی جمعیت میں بعض ایسے بھی شامل ہوئے جن کا مقصد ٹمپو یا مفاد تھا ان کا رویہ جمعیت کے لیے بسا اوقات ہزیمت اور بدنامی کا باعث بھی بنا جبکہ جمعیت کا ہتھیار تو تعلیم اور اخلاق ہونا چاہیے ۔ میرے ہوتے ہوئے دو واقعات رونما ہوئے ۔ میں نے دونوں کی مذمت کی ۔ پنجاب یونیورسٹی میں اپنے قیام کے 1000دنوں میں اگر 2دن ایسا ہو اتو ریشو.002%بنتی ہے ۔

-3            محبت اور نفرت دونوں ایسے جذبے ہیں جن کے دباﺅ میں انسان سچ سوچنے ، بولنے اور لکھنے سے قاصر رہتا ہے ۔

میرے فاضل دوست بھی نفرت کے نشے میں چور جمعیت کے وجود پر یوں بازو تولے ہوئے منڈلائے ہوئے آئے ہیں جیسے ملک کے جملہ مسائل کی واحد وجہ جمعیت ہی ہے ۔ جمعیت کے خلاف استغاثہ دائر کرنے کی بجائے بہتر ہوتا کہ ایک غیر جانبدار تجزیہ کیا جاتا اور لوگوں کی درست سمت میں راہ نمائی کی جاتی کہ یہ ایک کالم نگار کو زیبا ہے ۔ جو لوگ جامعہ کی راہداریوں سے گزرے ہیں ان کو توپہلے ہی معلوم ہے باقیوں کو یوں کُراہ ڈالنا، لبرل ازم کا فیشن تو ہو سکتا ہے ،قلم اور لوگوں کی خدمت نہیں ۔ سلیم ملک نے ٹہرے ہوئے پانی میں پہلا پتھر کیا پھینکا ۔مٹھی بھر لبرلز نے اپنے قلم کمانوں کو جمعیت پر تان لیا اور اس کے وجود کو غلط اعدادو شمار اور غلط تجزیوں سے چھلنی کردیا۔ آپ کیسے تجزیہ نگار اور قلم کار ہیں جن کو جمعیت کے اندر ایک خوبی یا اچھائی بھی نظر نہیں آئی ۔ آپ جمعیت کا موازنہ دیگر طلبہ تنظیموں ہی سے کرلیتے ۔ اگر آپ کو اپنے نظریات عزیز ہیں تو یہ حق انہیں بھی دیجئے ۔ ماسوائے جمعیت کون سی طلبہ یا غیر طلبہ جماعت ہے جس نے اپنی پیدائش ( ۷۴۹۱ئ) سے لے کر آج تک باقاعدگی سے ہر سال تنظیمی اور جماعتی انتخابات حقیقی اور جمہوری بنیادوں پر کرائے ہوں خواہ وہ ناظم اعلیٰ کا انتخاب ہی کیوں نہ ہو۔ ایک سال اگر ناظم اعلیٰ دیر کا ہوتا ہے تو دوسرے سال کراچی کا بن جاتا ہے اور قیادت کے مسئلہ پر آج تک کوئی جھگڑا نہ ہوا۔

-4            لاہور میں جمعیت کے علاوہ کون سی تنظیم ہے جو ویگنوں ، ریستورانوں ، پٹرول پمپوں اور بڑی فروٹ شاپس سے بھتہ نہیں لیتی تھی ۔ قارئین سے گذارش ہے کہ وہ سچائی کی پذیرائی کی خاطر اپنے قیمتی وقت میں سے چند منٹ نکال کر جامعہ کے اندر چلے جائیں ۔ وہاں سے گذرنے والی ویگنوں ، کنٹینوں اور فروٹ شاپس پر جا کر رازداری سے سروے کرلیں کہ کیا آج تک جمعیت نے آپ سے بھتہ یا رشوت لی ہے ۔

باہر سے قیمت ، معیار اور مقدار معلوم کر کے جامعہ کے اندر چلے جائیں ، وہاں سے بھی کھانا, فروٹ اور دیگر اشیا سے موازنہ کرلیں آپ کو حقائق تک پہنچنے میں آسانی ہو جائے گی کہ جمعیت کی پرائس اور کوالٹی کنٹرول کمیٹی رشوت لیتی ہے یا نہیں ۔

-5            اس وقت جس قدر طاقت جمعیت کے پاس تھی ، Empathizeکریں کہ وہ کسی دوسری طلبہ تنظیم کے پاس ہوتی تو کیا کیا گل کھلتے ۔

-6            کون سی طلبہ تنظیم ہے جس نے اتنی بڑی تعداد میں اس قدر مفیداور دیانتدار شہری پید اکیے ۔مقدس کاظمی نے اس کا اعتراف بھی کیا تو کیسے جیسے ایک پارسا آدمی کی بیوی ہر وقت اس کو کوستی رہتی ، ایک روز وہ گھر آیا تو بیوی نے کہا بڑے ولی بنے پھرتے ہو ،اللہ کا سچا ولی تو آج میں نے دیکھا ہے ہمارے گھر کے اوپر سے اڑ کر جا رہا تھا ۔ خاوند نے کہا شکر ہے تم نے دیکھا وہ میں ہی تھا۔ بیوی نے منہ چڑھا کر کہا اسی لیے ٹیڑھے ٹیڑھے اُڑ رہے تھے ۔ کاظمی صاحب کسی ایک جماعیتے کا نام تو لیں جو پانامہ لیکس کی زینت بنا ہو یا وکی لیکس کی ،نیب نے نام لیا ہو یا FIAنے ، اینٹی کرپشن نے یا ملک کی کسی ذمہ دارایجنسی نے ،کسی مالی یا اخلاقی کرپشن میں یا ملک دشمنی میں جمعیت بھی انسانوں بلکہ نوجوانوں کی جماعت ہے اُس سے غلطیاں ہوئی بھی ہیں اور ہونگی بھی ۔ غلطی سے مبرا کوئی انسان نہیں مگر احتساب ہوتا بھی رہا اورر ہوتا رہے گا بھی ۔

-7            بنگال میں کون پاکستان کی سا لمیت کے لیے لڑا اور آج تک اس جرم کی پاداش میں مقتل کو چوم اور دارورسن پر جھوم رہا ہے ؟ رہے افغانستان اور کشمیر تو وہ پالیسی جماعت نے نہیں بنائی تھی وہ آپ کے ملک کی قومی پالیسی تھی ۔وہ غلط تھی یا درست ، جس میں جمعیت فوج کے شانہ بشانہ لڑی وہ بھی گھر سے کھا کر ۔ اب آپ الزام لگائیں گے کہ جماعت فوج کی بی ٹیم ہے اگر ہے بھی تو اپنے ملک کی نہ کہ دشمن ملک کی فوج کی ۔ پھر آپ نے الزام دھرا کہ ڈالر اور ریال آ رہے تھے ۔ آج بھی کسی مصدقہ پیپر، ایجنسی، ادارے یا ملک کی طرف سے یہ الزام جماعت/جمعیت پر کسی نے لگایا؟ الزام تراشی دنیا کا سب سے آسان کام ہے جیسا کہ آپ کر رہے ہیں ۔ جمعیت کا دامن اتنا بانجھ توکبھی نہ تھا کہ آپ دل و نگاہ میں تھوڑی سے وسعت پیدا کر کے چند کلمات جمعیت کے مثبت کردار پر نچھاور کر کے تحریر میں توازن پید اکر دیتے تو مجھ ایسے سادہ لوح آپ کی باقی ماندہ باتوں کو بھی سچ ماننے پر درماندہ ہوتے ۔

-8            اسلحہ کے جو انبار آپ نے یونیورسٹی میں دیکھے اسے کس کام میں لایا جاتا تھا؟

                مجھے تو Set asideکیجئے ۔جب میاں نواز شریف پرائم منسٹر تھے اور ان کے حکم پر پولیس کا آپریشن ہوا وہ ایک نمبر ہوسٹل سے شروع ہوا اور کئی ماہ تک جاری رہا ۔ اس وقت جمعیت کا نام لینا بھی جرم تھا ۔ اس آپریشن میں اسلحہ کا کتنا بڑا ذخیرہ برآمد ہوا اور کس پر FIRکٹی؟ یہ کہنا کہ اسلحہ گرلز ہوسٹلز میں چھپایا جاتا ، کس قدر مضحکہ خیز بات ہے

جہاں پناہ کا حسن خبر شہادت ہے

میرے خلاف بڑی معتبر شہادت ہے

-10          جمعیت کے پاس اتنی طاقت اور اسلحہ تھا تو کیا اس کے بل بوتے پر جمعیت نے کسی کے گھر یا پلاٹ پر جائز یا ناجائز قبضہ کیا؟ حتیٰ کہ قبضہ چھڑوایا؟ اگر نہیں تو پھر نو جوانوں کی اس جماعت کے کردار کو اتنا کریڈٹ تو دے دو سخیو۔

-11          سلیم صاحب! ضیاءالحق نے جمعیت اور جمعیت نے ضیاءالحق کے بطن سے کیسے جنم لیا؟ 1984ءمیں ضیاءالحق نے جب طلبہ یونین پر پابندی لگائی تو صرف جمعیت ہی تھی جس نے تحریک چلائی حتیٰ کہ لاہور سے اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کیا جس پر شاہدرہ میں پولیس کا لاٹھی چارج ضیاءالحق نے کروایا اور جمعیت کے بے شمار کارکنوں ،حتیٰ کہ ناظم اعلیٰ امیر العظیم کو بھی جیل ڈال دیا گیا ۔کراچی میں جماعت اور جمعیت کو ختم کرنے کے لیے MQMضیاءالحق نے کیا نہیں بنوائی؟

-12          جمہوریت کی چیمپئن کسی حکومت نے بھی طلبہ یونین پر جنرل ضیاءالحق کی لگائی پابندی نہیں اٹھائی ۔ ماسوائے 1989ءکی پنجاب حکومت نے پنجاب کے تعلیمی اداروں میں انتخابات کروائے اور آپ جیسے کسی لبرل نے بھی ، تب نہ اب طلبہ یونین پر سے پابندی ہٹانے کے لیے آواز بلند کی۔ جبکہ میں مطالبہ کرتا ہوں کہ طلبہ یونین پر سے پابندی ہٹائی جائے اور فی الفور الیکشن کروائے جائیں اور میرا چیلنج ہے کہ تمام طلبہ تنظیمیں اکٹھی ہوکر فافن (Fafen)کی نگرانی میں اکیلی جمعیت کے ساتھ الیکشن لڑ کے دیکھ لیں ، دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔ 5سال کی پابندی کے بعد1989ءمیں جو الیکشن ہوا اس میں بھی اکثر تعلیمی اداروں میں جمعیت ہی سرفراز ہوئی ۔ رہی جامعہ تو اس میں PSFکے میر شاہجہان کھیتران کے مقابلے میں جمعیت کے جہانگیر خان صدر منتخب ہوئے ۔ جمعیت نے لڑکوں میں 65%اور لڑکیوں میں 77%ووٹ لیے ۔ اگر سلیم ملک اور مقدس کاظمی 30سال قبل جامعہ میں پڑھتے تھے تو اس کا مطلب ہے اگر1986-88کی باتیں یہ لوگ کر رہے ہیں تو کیا 1989کے الیکشن کے نتائج نے ان لوگوں کے سوالات اور اعتراضات کے شاقی جوابات نہیں دے دیئے ؟ یہ اب ان نتائج پر بھی اعتراض کریں گے کہ یہ ووٹ ڈر کے مارے سٹوڈنٹس نے دیئے تو عرض ہے کہ 35%لڑکوں اور 23%لڑکیوں نے جو ووٹ مخالفت میں دیئے کیا وہ نہیں ڈرتے تھے ؟ اور پھر جن لڑکے لڑکیوں نے ووٹ دیئے یہ ان کی اور انکے مینڈیٹ کی توہین نہیں ہے ؟

-13          مقدس کاظمی نائٹ سکالرز کو دیہاتی ، نائی ، موچی ، ترکھان ،جولاہا اور نہ جانے کیسے کیسے القابات سے نوازتے ہیں ۔ کیا یہ پاکستان کے 85%لوگوں کی توہین اور علاقائی تعصب نہیں؟ یہ بات حقائق کے بھی برعکس ہے کہ جماعت کا گڑھ تو ہمیشہ بڑے شہر رہے ہیں ۔ جماعت ہمیشہ کراچی اور لاہور سے سیٹیں نکالتی رہی ہے حتیٰ کہ اسلام آباد کے اس حلقے سے جو پاکستان کی اعلیٰ ترین بیوروکریسی کا مرکز ہے وہاں سے 2002کے عام انتخابات میں جماعت کے میاں اسلم جیتے ۔ اس کی وجہ وہ نہیں بلکہ یہ ہے کہ دیہات کی نسبت شہر اور تعلیمی اداروں میں پڑھے لکھے لوگوں کی تعداد زیادہ ہوتی ہے یہ اصل وجہ ہے جماعت اور جمعیت کی کامیابی کی ۔

-14          اب جب سب اہل گلستاں جان گئے کہ MQMایک فاشسٹ، دہشتگرد اور ”را“ سے فنڈنگ لینے والی تنظیم ہے پھر بھی آپ اس بات پر بغلیں بجا رہے ہیں کہ اس نے کراچی سے جماعت اور جامعہ کراچی سے جمعیت کو فارغ کر دیا ہے ؟ پھر جامعہ کراچی سے جمعیت کے فارغ ہونے اورMQMکے آنے کے بعد جامعہ کراچی کا معیارِ تعلیم کتنا بلند ہوا؟ کتنے لوگوں کو نوبل پرائز ملا؟ کیا جمعیت ، APMSO( آل پاکستان مہاجر سٹوڈنٹس آرگنائزیشن ) سے بھی بری ہے ؟

جانے نہ جانے گل ہی نہ جانے باغ تو سارا جانے ہے

-15          معیارِ تعلیم کی گراوٹ کی ساری ذمہ داری آپ نے جمعیت پر ڈال دی کیا یہ انصاف ہے ؟ جہاں جہاں جمعیت نہیں وہ یونیورسٹیاں عالمی رینکنگ میں کون سے نمبر پر ہیں؟

-16          کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج کے ناظم زبیر بابر کو کس نے قتل کیا؟ اسلامیہ کالج سول لائنز کے محمد نواز کوتشدد کر کے کس نے قتل کیا؟ کامرس کالج علامہ اقبال ٹاﺅن کے طاہر جاوید کو کس نے قتل کیا؟ یہ بھی جمعیت کی غنڈہ گردی ہے ؟ جمعیت کے مرکز 5ذیل دار پارک اچھرہ کی دیوار کے اوپر سے مغرب کے وقت فائرنگ کر کے سہیل حنیف کو کس نے قتل کیا؟ ناظم صوبہ پنجاب تحسین خالد اگر پلر کی اوٹ میں نہ ہوتے تو وہ بھی گولیوں کی زد میں تھے ۔ STCکے سامنے لان میں بیٹھے چار کارکنان کو ISOنے چلتی بسوں سے فائرنگ کر کے قتل ناحق کیا۔ اس پر آپ کاقلم کیوں نہیں چلا؟

-17          مقدس کاظمی نے تو بہتان ، گھٹیا الزامات، دروغ گوئی اور تضادات کے پرچم گاڑ دیئے ہیں۔ آپ جمعیت کو تو منافقین کہتے ہیں اور آپ خود جو ان کے ساتھ کرتے رہے ہیں اس کو کیا نام دیا جائے یعنی اوپر سے جمعیت کے ساتھ اور اندر سے دشمنی؟ آپ نے صرف اور صرف قارئین کو گمراہ کرنے کی ناحق کوشش کی ہے ۔ 30برس پہلے کی نسبت آج جامعہ پنجاب کا ماحول زیادہ لبرل ہے ۔آج بھی کسی جماعتیے کے کمرے سے شراب برآمد ہو جائے تو میں جمعیت کا سب سے بڑا مخالف ہونگا۔ اس ایک بات کو ہی بیرو میٹر بنا لیں ۔

-18          جمعیت کا ماضی تو کھلی کتاب اور قربانیوں کا روشن باب ہے ۔ آپ لبرل لوگ یا جمعیت مخالفین اپنا بھی تو بتائیں کہ آپ کی کون سی پارٹی ہے اور اس نے کون سے کارہائے نمایاں انجام دیئے ہیں اس ملک کے لیے ۔

-19          ہر معاشرے کی اقدار ہوتی ہیں جن پر معاشرے استوار ہوتے ہیں۔

-20          اقدار ایسی ہونی چاہیں جن کو تمام طبقات اور رشتوں پر یکساں طور پر نافذ کیا جا سکے آپ کے لیے قدریں اور ہوں اور میرے لیے اور، تو پھر معاشرے قائم نہیں رہ سکتے ۔

-21          سلیم صاحب! آپ نے جمعیت کے ساتھ چند نظری اختلاف ظاہر کیے میری آپ سے گذارش ہے کہ کینوس کو ذرا وسعت عطا کریں اور شراب ، سود، نکاح ،طلاق، نماز، روزہ، حج ،زکوٰة ، جہاد،روزِ سزا و جزا( وہ دِن کہ جس کا وعدہ ہے ) اور ختم نبوت پر آپ کے اور جمعیت کے کیا اختلافات ہیں؟

 


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
1 Comment (Email address is not required)
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments