اکتوبر کا گلابی مہینہ آسمان پر بدلتے ہوئے رنگوں کی قوس قزح کی خوب صورتی کا مہکتا مہینہ ہے۔ اکتوبر جاڑے کے موسم کا ہر کارہ ہے اکتوبر میں درخت کہیں اپنے پیراہن کے رنگ بدلنے لگتے ہیں اکتوبر کی شامیں خوش گوار ہونے لگتی ہیں۔ پہاڑوں پر آسمان کے رنگ کہیں سرمئی، مٹیالے، کاسنی اور کہیں نرم گلابی نظر آتے ہیں۔ عشاق کے دلوں میں تمنائیں کروٹیں لینے لگتی ہیں۔ تخلیق کاروں کا دل چاہتا ہے اپنی چھوٹی سی تصوراتی دنیا میں بیٹھ کر بس گنگناتے رہیں۔
پچھلے ہفتے میں بھی اپنی نظموں کو کھڈی پر چڑھائے خیالات کے مختلف دھاگوں کی بنت میں غرق تھی کہ کنٹرولر نیوز پنجاب ریڈیو کے سینئر براڈ کاسٹر سجاد پرویز صاحب کا فون آ گیا۔ ڈبلیو ایچ او کی طرف سے اکتوبر پوری دنیا میں خواتین میں چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے مہینے کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اسی حوالے سے سجاد پرویز صاحب نے ”لاہور انسائیٹ“ میں چھاتی کے سرطان کے حوالے سے خصوصی شو کا انعقاد کیا جس کی میزبانی کے فرائض معروف مصنفہ، ناول نگار اور کالم نگار آمنہ مفتی نے سر انجام دیے۔
Read more