بنو امیہ کے دور میں محمد بن قاسم کی قیادت میں عرب افواج نے سندھ پر حملہ کیا۔ آخر کار راجہ داہر کی افواج کو شکست ہوئی اور سندھ عرب سلطنت کا حصہ بن گیا۔ آج تک ان تاریخی واقعات کے متعلق بہت سی دلچسپ بحثیں جاری ہیں۔ ان میں سے ایک اہم واقعہ محمد بن قاسم کی موت کا ڈرامائی واقعہ ہے۔ اس کے متعلق جو کہانی بیان کی جاتی ہے وہ ”چچ نامہ“ سے لی گئی ہے اور اس کتاب کو ”فتح نامہ سندھ“ بھی کہا جاتا ہے۔ کوئی تبصرہ کرنے سے قبل اس کتاب میں محمد بن قاسم کی موت کے بارے میں جو واقعات لکھے ہیں ان کا خلاصہ پیش خدمت ہے۔
اس کتاب میں لکھا ہے کہ جب راجہ داہر جنگ میں مارے گئے تو محمد بن قاسم نے ان کی دو کنواری بیٹیوں کو حبشہ کے غلاموں کی قیادت میں بغداد بھجوا دیا تا کہ انہیں بنو امیہ کے بادشاہ ولید بن عبد المالک کی خدمت میں پیش کیا جائے۔ بادشاہ نے ہدایت دی کہ انہیں چند دن آرام کرا کے ان کی خوابگاہ میں بھجوا دیا جائے۔ کچھ دن کے بعد بادشاہ نے لڑکیوں کو یاد فرمایا اور ہدایت دی کہ دونوں بہنوں کو بادشاہ کی خوابگاہ میں بھجوایا جائے۔ [یہ بھی خوب ہے کہ دونوں کو اکٹھا ہی بلا لیا]
Read more